کلثوم نواز کی رسم قل، زرداری اور شجاعت کی شرکت ، نواز شریف کی پیرول میں توسیع کا امکان

140
لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں
لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں

لاہور (خبر ایجنسیاں)سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی رسم قل ادا کردی گئی ، سابق صدر آصف علی زداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ، چودھری برادران نے جاتی امراء میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ان سے تعزیت کی ۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی رسم قل ادا کر دی گئی اس موقع پر جاتی امراء کے اندر اور باہر سیکورٹی میں مزید اضافہ کر دیاگیا تھا اور جاتی امراء میں صرف وی وی آئی پی اور وی آئی پی شخصیات سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئرر ہنماؤں کو داخلے کی اجازت تھی جبکہ عام کارکنوں سمیت دیگر افراد کو
سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملنے کی اجازت بالکل نہیں دی گئی ۔ اس موقع پر آصف علی زرداری اور بلاول زرداری جاتی امرا پہنچے ۔پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے نوازشریف سے گہرے دکھ ،افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کلثوم نوازکے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔ اس موقع پر سابق صدر نے کہا کہ کلثوم نوازمرحومہ ایک بہادر خاتون تھیں ۔شریف خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ نوازشریف نے پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں آپ ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے آپ نے ہمارا ساتھ دیا ۔آصف علی زرداری بلاول ،شری رحمان ، رحمان ملک ،سابق گورنر لطیف کھوسہ کافی دیر جاتی امرا میں رہے ۔زرداری نے کہا کہ ایک نڈر اور بہادرخاندان کے انتقال پر ہم بھی انتہائی دکھی ہیں ۔ نوازشریف نے آخری لمحات بیمار اہلیہ کے ساتھ نہ گزارنے کی گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی اور ان کی بلند درجات کے لیے دعا کی ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آخری وقت میں کلثوم نواز کے ساتھ نہ ہونے پر سب سے زیادہ تکلیف ہوئی۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ شجاعت حسین کی قیادت میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی ،مونس الٰہی ،راجا بشارت ،کاملی علی آغاپر مشتمل ایک وفد نے گزشتہ روز جاتی امراء کا دورہ کیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں قائم چینی سفارت خانہ کے قونصل جنرل کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا ء کا دورہ کیا۔ چینی قونصل جنرل نے نواز شریف سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا اوران سے اظہار ہمدردی کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ن لیگی سینئر رہنما رانا تنویر حسین بھی موجود تھے۔ دوسری جانب نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن (ر)صفدر کی پیرول پر رہائی کی میعاد آج شام 4بجے تک ختم ہورہی ہے جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اپنے پیرول میں مزید اضافے کے لیے تاحال کوئی درخواست نہیں دی ہے جبکہ دوسری جانب امکان یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت انسانی ہمدردی کے طور پر پیرول پر رہائی میں مزید اضافہ کر سکتی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ