درہ آدم خیل، کان میں گیس بھر نے سے دھماکا، 9 مزدور جاں بحق

182
کوہاٹ، درہ آدم خیل میں وہ جگہ جہاں کوئلے کی کان میں دھماکا ہوا جبکہ چھوٹی تصویر میں جاں بحق ہونے والوں کے تابوت
کوہاٹ، درہ آدم خیل میں وہ جگہ جہاں کوئلے کی کان میں دھماکا ہوا جبکہ چھوٹی تصویر میں جاں بحق ہونے والوں کے تابوت

الپوری ( آن لا ئن)درہ آدم خیل کی کوئلہ کان میں گیس دھماکے سے9کان کن لقمہ اجل بن گئے،جبکہ 3مزدوروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے فوراََ بعد مقامی لوگوں نے اپنے تئیں امدادی سرگرمیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔ تفصیلات کے مطابق درہ آدم خیل کے گاؤں اخوروال میں بدھ کو کوئلے کی ایک کان میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا جس سے کان مکمل طور پر بیٹھ گئی، جس کے باعث 9کان کن موقع پر ہی
جاں بحق ہوگئے جبکہ 3کو زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونیوالے تمام افراد کا تعلق شانگلہ کے علاقے غور بند پاگوڑی سے ہے،جس میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جس میں 2 سگے بھائی ویز زادہ اور فرمان علی ولد تاج خان جبکہ ان کا ایک بھتیجا شامل ہیں۔ دیگرجاں بحق ہونیوالوں میں خلیل الرحمن ولد دلفروش،قدیم گل ولدگجر خان،زمین گل ،نظاراحمد ولد بخت کمال ساکنان پاگوڑی جبکہ حضرت ولی ولد شمس الرحمان سکنہ منگری شہیدانو سر، عمر حسین ولد شیرعالم سکنہ گڈوسر شامل ہیں۔میتیں پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا، بازار بند کردیے گئے، میتوں کو رات گئے شانگلہ کے مقامی قبرستانوں میں سپردخاک کردیا گیا۔جبکہ سانحے میں انسانی قیمتی جانوں کے ضیاع پر شانگلہ بھر میں سیاسی ،سماجی اور سول سوسائٹی کی جانب سے کوئلہ کانوں میں ناقص انتظامات اور حکومتی عدم توجہ کے خلاف آج احتجاج کا امکان ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ