ملکی ترقی و خوشحالی کیلیے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، حافظ سعید

185

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلیے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔ اگر ہنگامی بنیادوں پر ملک میں ڈیم تعمیر نہ کیے گئے تو آنے والے چند برسوں میں پینے کا صاف پانی ملنا بھی مشکل ہو جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس کی طرف سے ڈیم فنڈ قائم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ قومی خدمت کے جذبے کے تحت اس کار خیر میں ضرور حصہ ڈالے۔ اپنے بیان میں حافظ محمد سعید نے کہا کہ نئی حکومت کے لیے پانی اور کشمیر کا مسئلہ بہت بڑا چیلنج ہے جبکہ مسئلہ کشمیر سب سے پہلے حل کروانے کی ضرورت ہے۔ اسے حل کرنے سے ہی پاکستان میں بجلی و پانی کے بحران کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کیلیے پانی جیسی بنیادی ضرورت کا بندوبست کرنا ہے۔ انہوں نے جماعۃالدعوۃ کے کارکنان و ذمے داران کی طرح تاجروں، صنعتکاروں اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈیموں کی تعمیر کیلیے قائم کردہ فنڈ میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ