ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا راز ان کے بلدیاتی نظام سے منسلک ہے

42

بالاکوٹ(آئی این پی)تحصیل بالاکوٹ کے ناظم سید ابراہیم احمد المعروف ایمی میاں نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی پایہ دار ترقی کا راز ان کے بلدیاتی نظام سے منسلک ہے، وفاقی حکومت کے ذمے صرف ملکی دفاع اور خارجہ پالیسی اور چند اہم ریاستی اداروں کے سوا کچھ بھی نہیں ہے اختیارات کی تقسیم بتدریج بلدیاتی اداروں ،بلدیاتی نمائندگان چاہے ویلج کونسل کے ہوں،یونین کونسل،ضلع یا تحصیل کے اختیارات ان کو منتقل کیے جاتے ہیں۔اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں تحصیل ناظم الاعلیٰ سید ابراہیم احمد کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ان ہی ممالک میں عدالتیں پولیس صحت تعلیم غرض کہ عوام کے روزمرہ کی ضروریات اور سہولیات کا ہر شعبہ بلدیات کے ذمے اور بلدیات کی نگرانی میں بہتر کام کر رہا ہے۔لیکن ایک ہم بدقسمت ہیں جن کو اپنی گلی کی نالی پکی کروانی ہو یا محلے میں سیوریج کا کھڑا پانی نکلوانا ہو تو ایم پی اے یا ایم این اے سے ملنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان نمائندوں کا کام نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام ایک حد تک ٹھیک ہے مگر بعض پیچیدگیوں نے اس نظام میں ابہام پیدا کر رکھے ہیں ،اس لیے اس نظام میں چند پیچیدگیوں کو دور کر کے اس نظام کو بہتر سے بہتر بنانے اور بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے،ایک سوال کے جواب میں تحصیل ناظم الاعلیٰ سید ابراہیم احمد نے بتایا کہ اگر پاکستان میں صحیح طور پر بلدیاتی نظام رائج کردیا جائے تو پاکستان کے 70% مسائل ایک سال کے اندر حل ہوسکتے ہیں پر ایسا کرنے سے پہلے سیاست ست موروثی بادشاہت کو ختم کرنا لازمی ہے کیونکہ ایسی بادشاہت کے ہوتے ہوئے عوامی امیدوں اور توقعات کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ