تبدیلی کے اثرات عوام تک آنے چاہئیں

15

’’روک سکو تو روک لو، تبدیلی آئی ہے‘‘یہ پی ٹی آئی کا نعرہ بھی ہے اور ترانہ بھی۔ اس نعرے کی بنیاد پر 2018ء کے الیکشن میں یہ جماعت عوام کا بھاری مینڈیٹ لے کر قومی اسمبلی جا پہنچی ہے۔ اور اطلاعات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس تک پہنچنے کی تگ و دو میں لگی ہوئی ہے، اس جدوجہد میں عدالتی نااہل جہانگیر ترین صاحب ’’دامے، درمے، سخنے‘‘ پی ٹی آئی کی معاونت کررہے ہیں، واقعات اور شواہد یہ بتاتے ہیں کہ موجودہ الیکشن میں پی ٹی آئی جیتی نہیں ہے بلکہ جیت تھالی میں سجا کر عمران خان اور ان کی جماعت کو پیش کی گئی ہے۔ اصل کہانی تو جیت کو تھالی میں پیش کرنے والوں کی ناراضی یا بے رخی پر سامنے آئے گی اور یہ ایک نہ ایک دن آنی ضرور ہے۔ بہرحال پی ٹی آئی واقعی ملک میں تبدیلی کی خواہاں ہے تو اُنہیں سب سے پہلے تبدیلی کی ترجیحات مرتب کرنی ہوں گی، ترجیحات طے ہوگئیں تو ترجیحات کے متفق اور تن من دھن سے اُسے پورا کرنے والی ٹیم بنانی ہوگی، یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ جب یہ سب کچھ ہوجائے تو اس ٹیم کو پورے نظام الاوقات کے ساتھ ٹاسک دینا ہوگا، یہ ہونے کے بعد مطلوبہ ٹاسک اور اس کو سرانجام دینے والی ٹیم کی مانیٹرنگ کا انتظام بھی ہونا چاہیے۔ دوسرا سوال یہ ہے کہ تبدیلی کا آغاز کہاں سے کیا جائے؟ میری ناقص رائے میں تبدیلی کا کام ’’مفاد عادمہ‘‘ کے شعبے سے شروع کیا جائے، اگر تبدیلی مفاد عامہ سے شروع ہوگی تو اُس کے اثرات و ثمرات تمام اہل وطن تک یکساں پہنچیں گے۔ مفاد عامہ میں صرف چار شعبوں یوٹیلیز سروسز، صحت، مواصلات، تعلیم آتے ہیں، مہذب دنیا میں ان چار شعبوں پر خصوصی توجہ اور بھاری فنڈ مختص کیے جاتے ہیں۔ آپ یوٹیلیز سروسز میں بجلی، پانی، گیس اور ٹیلی فون کے اداروں کی بدمعاشی ختم کروائیں۔ پہلی تبدیلی ان دو بڑے فرعونوں کے الیکٹرک اور پی ٹی سی ایل میں لائی جائے، مفاد عامہ میں تبدیلی لانے سے جب عوام کو ریلیف ملے گا تو حقیقی معنوں میں تبدیلی آئے گی۔ اسی طرح صحت، مواصلات اور تعلیم کے شعبے میں ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر تبدیلی لائی جائے۔ یہ چار شعبے ایسے ہیں جن سے پاکستان کے 18کروڑ عوام کسی نہ کسی طور متاثر ہیں۔ آپ تبدیلی کا نعرہ لگا کر آئے ہیں آپ کی اولین ترجیح مفاد عامہ کو ملنی چاہیے۔
ڈاکٹر شبنم مبینہ (ھومیو)،الفلاح سوسائٹی کراچی

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.