بھارت کے خلاف جنوری میں کیس دائر کریں گے، نجم سیٹھی

94
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
لاہور(جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کے لیے حامی بھری ہے ان میں سے زیادہ تر نے کراچی آنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے 2 فہرستیں مرتب کی ہیں، ایک فہرست ان کی ہے جو دونوں شہروں میں آنے کو تیار ہیں جبکہ دوسری فہرست ان کی ہے جو صرف لاہور میں کھیلنے کو تیار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 3 میچز پاکستان میں ہوں گے، 2 لاہور اور فائنل کراچی میں ہوگا۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے 2 مرحلوں میں درست کیا جارہا ہے جس کا پہلا مرحلہ مارچ تک مکمل ہوجائے گا، امید ہے پی ایس ایل کے فائنل کیلیے فروری میں اسٹیڈیم تیار ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے کوشش ہوگی کہ مزید فرنچائزز بنائی جائیں‘ امید ہے موجود ہ فرنچائزز ہمیں اس معاملے میں سپورٹ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ممکن ہے اگلے 2 سال پی ایس ایل میں 6 ٹیمیں ہوں پھر 6 کی بجائے 8 ٹیمیں کردی جائیں اورآئندہ 2سال میں مکمل پی ایس ایل پاکستان منتقل کردیاجائے گا اس حوالے سے ہمیں اسٹیڈیم کی تعداد بھی بڑھانی ہوگی۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں بھارت کے خلاف کیس آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔ جب کہ آئی سی سی نے ترمیم کردی ہے کہ اب تنازعات کمیٹی کے بعد کسی دوسرے فورم میں نہیں جا سکیں گے‘انہوں نے کہا کہ بھارت کے کیس پر 10کروڑ روپے رکھے گئے، اربوں کی باتیں من گھڑت ہیں، خواہش ہے بھارت سے سیریز ہو،جو ہم جیتیں اورپیسے بھی کمائیں۔نہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچ ہوگا تو بھارت کو کھیلنا ہوگا نہ کھیلنے پر پاکستان کو پوائنٹس ملیں گے، زیادہ بہتر یہی ہوگا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز ہو‘بی سی سی آئی بھی حکومت سے اجازت مانگ رہا ہے ‘پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ کوئٹہ ریجن کے کھلاڑی شامل نہ ہونے کا معاملہ بورڈ آف گورنرز اجلاس میں زیربحث آیا تھا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ کھلاڑیوں کے فیصلے فرنچائز کرتی ہیں، اگلی بار ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری میں ریجن کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ 8 سے 10 روز میں پی ایس ایل تھری کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا، پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آڈٹ ہوچکا ہے، پی ایس ایل ٹو کا آڈٹ آخری مراحل میں اور 4 ہفتے تک رپورٹ مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، طویل المدت نئے پراجیکٹ کے لئے ڈیڑھ ارب مختص کیے گئے ہیں، اسٹیڈیم کے لئے لانگ اور شارٹ ٹرم منصوبہ بندی کی ہے، شارٹ ٹرم کے تحت فروری میں پی ایس ایل تھری کا فائنل کروانے کے لیے اسٹیڈیم تیار کرنا ہے۔پی ایس ایل وینیوز کا حتمی فیصلہ ہونا ہے، دبئی اور ابوظبی نے زیادہ میچز مانگے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم 5 سال تک پاکستان میں 3 میچز کھیلے گی، امریکا میں ٹرائی سیریز میں پاکستان، ویسٹ انڈیزکے ساتھ تیسری ٹیم شامل ہوگی۔

حصہ