نائیجیریا اور کیمرون کے سرحدی علاقے میں حملہ، 30 افراد ہلاک

247

نائجیریا اور کیمرون کی سرحد پر بم دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 30 افراد ہلاک اور 35 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکا نائجیریا کے قصبے گیمبورو اور کیمرون کے قصبے فوٹوکول کے درمیان میں واقع سرحدی پُل پر لگے بازار میں ہوا ہے۔ زخمیوں میں نائجیریا اور کیمرون کے شہری  شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم مقامی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم بوکو حرام کو اس حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے ۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2014میں بوکو حرام نامی شدت پسند تنظیم نے گیمبورو اور نگالا کے اطراف کے علاقوں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا  اور یہ قبضہ ایک ماہ تک بر قرار رہا تھا۔ نائجیریا کی فوج نے چاڈ کی مدد سے اس علاقے پر دوبارہ اپنا کنٹرول حاصل کیا تھا جس کے بعد سے  شدت پسند تنظیمیں اس علاقے میں فوجی ٹھکانوں اور شہری مقامات کو وقتا فوقتا نشانہ بناتی رہی ہیں۔