کینیڈا: یوم خالصہ کی تقریبات، جسٹن ٹروڈو کی تقریر کے دوران خالصتان تحریک کے حق میں نعرے

351

ٹورنٹو؛کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں یوم خالصہ کی تقریب میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی تقریر کے دوران خالصتان تحریک کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

ویساکھی کا تہوار جسے بیساکھی بھی کہا جاتا ہے، یہ تہوار 1699 میں خالصہ کے نام سے بنائی جانے والی سکھ برادری کے قیام کی یاد میں منایا جا تا ہے، اس دن سے نئے شمسی سال اور کاشتکاری سیزن کا بھی آغاز ہوتا ہے۔

انڈیا کے نیو دہلی ٹیلی ویژن لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق تقریبات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، اپوزیشن لیڈر، میئر ٹورونٹو اور نمایاں کینیڈین سکھ رہنما، نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ جگمیت سنگھ کی موجودگی میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

 رپورٹ کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے ملک میں سکھ برادری کو بھرپور یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر قیمت پر ان کے حقوق اور آزادی کے تحفظ کے لیے ہر وقت موجود ہے۔

 رپورٹ میں وزیر اعظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ملک میں سکھ ورثے کے تقریبا 8 لاکھ کینیڈین شہریوں، ہم ہمیشہ آپ کی برادری کا نفرت اور امتیازی سلوک سے تحفظ کریں گے۔

 انڈیا ٹوڈے نے رپورٹ کیا کہ کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کمیونٹی سینٹرز اور عبادت گاہوں، گرودواروں میں مزید سیکورٹی کا اضافہ کر کے تحفظ اور انفراسٹرکچر کو بہتر کر رہے ہیں۔