اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈائون، 15ملزمان گرفتار

217

راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران ملک گیر 11 کارروائیوں میں 76 کلو گرام منشیات اور 580 لیٹر شراب برآمدکرکے 15 ملزمان گرفتار کر لیے۔

ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر سے 1.4 کلو گرام آئس برآمدکی گئی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر ملیشیا جانے والے 3 مسافروں سے 1.1 کلو گرام کیٹامائن 201 گرام ہیروئن اور 969 گرام کیفین برآمد کی گئی۔پشاور ائیرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے 290 گرام ہیروئن برآمدکی گئی۔

کراچی ایئرپورٹ پر نیوزی لینڈ کے لئے بک کئے گئے پارسل سے 1 کلو گرام آئس برآمدکی گئی۔لسبیلہ میں اوتھل روڈ کے قریب 3 ملزمان سے 40 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔پنجگور سے 20 کلو گرام چرس اور 580 لیٹر شراب برآمدکی گئی۔ڈیرہ اسماعیل خان میں ملزم سے 7.2 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

اسلام آباد میں دو مختلف کارروائیوں میں 3 ملزمان سے 2.9 کلو گرام چرس اور 100 گرام افیون برآمدکی گئی۔جی ٹی روڈ پشاور پر افغان باشندے سے 1.2 کلوگرام افیون اور 250 گرام آئس برآمدکی گئی۔

ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب دو ملزمان کے پیٹ سے 59 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔

ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔