الخدمت کے تحت مزید 470 باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ مکمل

1192
completed

کراچی:الخدمت ” آرفن کیئر پروگرام” کے تحت باہمت بچوں کی سالانہ ” ہیلتھ اسکریننگ ” کے دوسرے مرحلے میں 470بچوں کی اسکریننگ مکمل کر لی گئی ہے۔

اسکریننگ کا اہتمام الخدمت ملیر میڈیکل سینٹر اور الخدمت اورنگی اسپتال میں کیا گیا ۔ چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے الخدمت اسپتال اورنگی کا دورہ کیا اور وہاں باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کے تمام مراحل دیکھے اور بچوں سے بات چیت بھی کی۔ ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز الخدمت قاضی سید صدرالدین نے ملیر میڈیکل سینٹر کا ٹاون چیئرمین ملیر ظفر احمد خان ، ڈائریکٹر آرفن کئیر پروگرام یوسف محی الدین،اسسٹنٹ منیجر محمد ہارون شاہد ودیگر ذمہ دران نے ہیلتھ اسکریننگ مراکز کا دورہ کیا اور بچوں سے ملاقاتیں کیں ۔انہوں وہاں ہیلتھ اسکریننگ کے عمل کا معائنہ کیا۔

باہمت بچوں کے ہمراہ ان کی مائیں اور سرپرست موجود تھے ۔ڈاکٹروں نے بچوں کی آنکھوں ،دانتوں ،ناک ،کان، گلے اوردیگر جنرل امراض کا معائنہ کیا اور انہیں دوائیں بھی تجویز کیں ،بعض بچوں کو آنکھوں اور دانتوںکے حوالے سے علاج بھی تجویز کیا گیا جو الخدمت کی جانب سے مفت کیا جائے گا۔

اس موقع پرچیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ بچوں کی کفالت کے ساتھ ان صحت کا خیال رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ ہر سال کی جاتی ہے اور جن بچوں کو علاج کی ضرورت ہوتی ہے،ان کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔یتیم بچوں کی کفالت سنت بنوی ہے اور ہم اس سنت کو سامنے رکھتے ہوئے ان کی کفالت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین اوراور ڈائریکٹر مواخات پروگرام یوسف محی الدین ٹان چیئر مین ظفر احمد خان نے کہا کہ الخدمت کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،یہ صرف کراچی میں 1700بچوں کی کفالت کر رہی ہے ،جو قابل قدر اورقابل تقلید بات ہے ۔معاشرے میں موجود صاحب ثروت افراد کو چاہیے وہ یتیم بچوں کی تربیت میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔