الیٹ لٹریچر سوسائٹی کے یوتھ ونگ کے تحت یوم دفاع پر پروگرام

256

پاکستانی قوم ہرسال اپنا یوم دفاع حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر مناتی اور پاک فوج کےشہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وطن کے لیے ان کی قربانیوں پر ناز کرتی ہے، جنہوں نے1965ء کی جنگ میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ملیا میٹ کیا اور شان دار دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کا دفاع کیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد نئ نسل کو اس حقیقت سے روشناس کرانا ہے کہ پاکستان کا دفاع ہمارے جاں باز سپاہی اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر کرتے ہیں۔ اسی عزم کے ساتھ الیٹ لٹریچر سوسائٹی کے یوتھ ونگ نے 6ستمبر کو ایک آن لائن پروگرام ترتیب دیا، جس میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔
پروگرام میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقاریر، ملی نغمے اور پینٹنگز پیش کی گئیں۔ نظامت کے فرائض سوسائٹی کی بانی جویریہ اسد اور یوتھ ونگ کے کوآرڈینیٹر فیض علی حسن نے انجام دیے۔ حاضرین کو سوسائٹی کےاغراض و مقاصد اور پروگرام کے مقصد سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ مہمانان خصوصی میں ستارہ جرات وائس ایڈمرل (ر) عرفان احمد اور ستارہ امتیاز کموڈور (ر) سید ارشد علی شامل تھے۔ وائس ایڈمیرل عرفان احمد نے 65ء کی جنگ کے کچھ واقعات کی منظرکشی اور پاک بحریہ کی اعلیٰ کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کی، جس سے سننے والے ہر پاکستانی کے دل میں وطن کی محبت کے جذبےکو تقویت ملی۔ کموڈور سید ارشد علی نےکہا کہ اگرچہ پاک فوج کےپاس وسائل کی کمی تھی مگر جذبہ ایمانی سے لبریز ہر فوجی نے نہایت دلیری سے پاک وطن کا دفاع کیا اور بزدل دشمن کے مذموم ارادے پسپا کیے۔ پاکستان سے میجرعمران غوری نےاپنے خصوصی وڈیو پیغام میں تمام پاکستانیوں کو یوم دفاع کی مبارکباد دی اور قوم کو متحدہوکر تمام بیرونی اوراندرونی مسائل سے نبرد آزما ہونے پر زور دیا۔
اس موقع پر بچوں نے اپنی تقاریر اور ملی ترانوں سے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، جن میں زنیرہ نجم، نویرہ نجم، آمنہ شعیب، الوینہ شعیب، افاف مختیار، حمنہ طارق، ارحم عامر، موحد ظافر ،صائم ظافر اور فیض علی حسن شامل تھے۔ پروگرام کے آخری حصے میں سوسائٹی کے صدر محمد وحید اسلم اور نائب صدر احسن محمود ملک نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تمام مقررین کو سوسائٹی کی جانب سے ستائشی سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔