فلسطینی مزاحمت کریں نہ کریں اسرائیل انہیں مار ڈالے گا، خالد مشعل

2995
will kill them

حماس کے سرکردہ رہنما خالد مشعل نے کہا کہ ہے کہ ہم اسرائیل پر حملے کے نتائج سے بخوبی واقف ہیں،حملے میں عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا گیا ،فلسطین کو اسرائیل سے “آزاد” کرانے کے لیے جانیں قربان کرنی ہوں گی۔

خالد مشعل نے العربیہ نیوز نیٹ ورک کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم عام شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے ،حماس اپنی مزاحمت کو قابض افواج پر مرکوز کرتی ہے،نیتن یاہو حماس پر من گھڑت الزام لگا رہے ہیں اور بدقسمتی سے مغرب اور اس کا میڈیا ان کا ساتھ دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم 7 اکتوبر کو ہونے والے آپریشن کے نتائج کو اچھی طرح جانتے ہیں،قومیں آسانی سے آزاد نہیں ہوتیں، ویت نام کی جنگ ہو یا روس کے خلاف افغانوں کی جنگ ہو مزاحمت ہی سے آزادی ملتی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل ہمیں مار ڈالے گا چاہے ہم مزاحمت کریں یا نہ کریں۔

خالد مشعل کا کہنا تھا کہ سرائیل کمزور ہو گیا ہے، فوجیوں نے لڑنے سے انکار کر دیا۔ اسرائیلی فوج لڑنے سے قبل ہی شکست کھا چکی ہے، اس کی حکمت عملی ناکام ہو چکی ہے اور ہمارے لوگ صبر اور مزاحمت کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے غزہ سے عوام کے انخلا کے سوال کے جواب میں کہا کہ غزہ سے انخلا کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ہم کسی صورت غزہ نہیں چھوڑیں گے ۔

یہ پوچھے جانے پر کہ اگر اسرائیل حملہ کرتا ہے تو فلسطینی شہریوں کو کہاں جانا چاہیے، مشعل نے کہا کہ اللہ ان کی حفاظت کرے گا۔

ان کا کہناتھا کہا کہ حماس اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے مغربی کنارے کی الفتح تنظیم اور تمام فلسطینی عسکریت پسندوں کی طرف تعاون کا ہاتھ بڑھا رہی ہے۔