خیبر پختونخوا : مذہبی پیشیوائوں کیلیے ماہانہ 10ہزار روپے وظیفے کا اعلان

145

پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں ائمہ مساجد اور اقلیتوں کے مذہبی پیشیوائوں کو ماہانہ 10ہزار روپے بطور وظیفہ دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ محکمہ خزانہ اور اوقاف کو ایک ہفتے میں وظائف کے چیکوں کی تقسیم کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ائمہ کا تعین اور وظائف کا اجرا متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے کیاجائے گا ۔وزیراعلیٰ کا محکمہ اوقاف کے تحت صوبے میں سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے جلد ازجلد واگزار کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس اقدام سے ائمہ مساجد اور اقلیتوں کے مذہبی پیشوائوں کو کافی حد تک ریلیف ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے صوبے میں ائمہ مساجد اور اقلیتوں کے مذہبی پیشوائوں کو ماہانہ وظائف دینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیاہے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری فنانس اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 10ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے صوبے میں 21981 ائمہ مساجد اور 293 اقلیتوں کے مذہبی پیشوائوں کو وظائف کی فراہمی پر سالانہ 2.62 ارب روپے لاگت آئے گی ۔