پختونخوا میں آج سے شدید بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

568

پشاور: صوبہ خیبر پختون خوا میں آج سے شدید بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ کے پی کے میں آج بدھ کے روز سے بیشتر علاقوں میں شدید بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔

دریں اثنا صوبائی دارالحکومت پشاور کے کچھ علاقوں میں منگل کی شام ہی سے بوندا باندی شروع ہو گئی ہے۔

دوسری جانب قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے ڈی جی محمد قیصر خان نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے باضابطہ مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں بارشوں اور برف باری کے پیش نظر پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہےکہ برف باری اور بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خدشات ہیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ تیز ہواؤں کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اختیار کروائی جائیں۔ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچانے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔

مراسلے کے مطابق بارشوں اور برف باری کا سلسلہ 31 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔