پشاور میں فائرنگ کے واقعے میں اے ایس آئی شہید

439
Firing

پشاور: فائرنگ کے ایک واقعے میں پولیس کا اے ایس آئی شہید ہوگیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں شیخ محمدی نامی علاقے میں نماز پڑھ کر واپس آنے والے پولیس اے ایس آئی معروف شاہ پر فائرنگ کی گئی، جس میں اہل کار شہید ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اے ایس آئی معروف شاہ نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے گھر واپس جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اچانک گولیوں کا نشانہ بنایا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی، جہاں سے 30 بور کے خالی خول ملے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دریں اثنا پولیس حکام اور وزیراعلیٰ پختونخوا نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد ہی کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔