فضل الرحمن کو نہیں گزرنے دونگا، وزیراعلیٰ پختونخوا

67

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واضح کیا ہے کہ بشام جلسے میں کہی اپنی بات پر قائم ہوں مولانا فضل الرحمان کے جلسے کو گزرنے نہیں دونگا، مولانا بے روزگار ہو چکے ہیں، کے پی حکومت مولانا فضل الرحمان کو نوکری دینے کیلیے تیار ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ذیابیطس سے متعلق پروگرام سے خطاب میں کہا کہ ہمارا 126 دن کا دھرنا ٹھوس شواہد یعنی 4 حلقوں اور پاناما پر تھا۔ مولانا فضل الرحمان کے پاس کیا ہے؟ مولانا کس اسلام کی بات کرتے ہیں؟ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی اجلاس میں اسلام کا اصل چہرہ پیش کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ایک مرتبہ پھر ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں سے درخواست کی کہ وہ ہڑتال ختم کریں اور نوکریوں پر آجائیں، حکومت کمزور نہیں لیکن ہم اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ اتھارٹی کے قیام سے اسپتالوں کی کسی قسم کی نجکاری نہیں ہوگی۔ ڈاکٹرز اسپتال آجائیں حکومت آپ کے ساتھ بیٹھنے کیلیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی خامیوں کو دور کر کے اصلاحات چاہتے ہیں۔