امجد علی خان اور انجینئر افتخار چودھری کے اعزاز میں استقبالیہ

145

پاکستان سے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آئے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات انجینئر افتخار چودھری اور میانوالی سے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان کے اعزاز میں پی ٹی آئی (جدہ) کے سلطان عبدالباسط کی جانب سے استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی نظامت انجم اقبال وڑائچ نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امجد علی خان نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں سے ان کا حق نہیں چھین سکتا۔ رواں برس حکومت کی جانب سے حج انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ معاملات میں جو سقم باقی رہ گیا ہے، آیندہ اسے دور کرنے کی موثر کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کے اندر اور بیرون ملک اپنے تمام کارکنوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔
مہمان خصوصی انجینئر افتخار چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کا چہرہ اپنی ریاستی دہشت گردی سے نہ صرف سیاہ ہو چکا ہے بلکہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب بھی ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا رشتہ لا الٰہ الاللہ کا ہے اور دو قومی نظریے پر قائم ہونے والا ملک پاکستان کشمیریوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مجھے ساتویں مرتبہ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نامزد کرکے بھروسے کا جو اظہار کیا ہے، اسے میں ہمیشہ قائم رکھوں گا۔
قبل ازیں تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ انجم اقبال نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ نوجوان حیدر علی نے کراچی کے مسائل کا ذکر کیا اور پارٹی کے لیے مثبت تجاویز پیش کیں۔ مقامی کاروباری شخصیت انصر اقبال نے پارٹی کے لیے اپنی جدوجہد سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ تقریب کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی اور ایک قرارداد میں بھرتی آئین میں ترمیم کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت اس مکروہ اقدام کو واپس لے۔
پروگرام میں چودھری زاہد انصر، اقبال مغل اور جدہ سے پارٹی کارکنان کے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ آخر میں مہمانوں کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔