امجد عزیز ملک کی کتاب ’خیبر پختون خوا اور کرکٹ۔ 70 سال‘ کی تقریب رونمائی

162

پشاور سے تعلق رکھنے والے معروف اسپورٹس جرنلسٹ، کالم نگار اور کئی کتابوں کے مصنف امجد عزیز ملک مختصر دورے پر سعودی عرب تشریف لائے، جہاں پاکستان جرنلسٹس فورم کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر شائع ہونے والی کتاب ’خیبر پختون خوا اور کرکٹ ۔ 70 سال‘ کی رونمائی کی گئی۔
تقریب میں پاکستانی برادری کی معروف شخصیات، فورم کے ارکان کے علاوہ سعودی ریڈیو جدہ اردو سروس کے سینئر پروڈیوسر، دانشور اور صحافی محمد لئیق اللہ خان نے بھی شرکت کی۔ فورم کے صدر شاہد نعیم نے مہمانوں کا استقبال کیا اور کتاب کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کتاب میں قیام پاکستان کے بعد سے 2018ء تک صوبہ پختونخوا میں ہونے والی کرکٹ کی سرگرمیوں کا احاطہ کیاگیا ہے۔ چیئرمین امیر محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میں خواتین کرکٹرز، صوبے سے تعلق رکھنے والے منتظمین، قومی ٹیم کے ساتھ آفیشلز کی حیثیت سے جانے والی شخصیات، گراؤنڈ مین، اسکوررز، امپائرز اور صوبائی کرکٹ کے 50 بہترین کھلاڑیوں سے متعلق خصوصی باب بھی شامل کیا گیا ہے۔
ڈاکٹرمحمد لئیق اللہ خان نے صوبہ پختون خوا میں کھیلوں کی ترقی و فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دینے پرامجد عزیز ملک کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں امجد عزیز ملک نے پی جے ایف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے میری کتاب کی تقریب رونمائی کا ارض مقدس پر موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کتاب سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس کتاب میں پاکستان کرکٹ کے فروغ میں ایسے کھلاڑیوں کا کردار شامل کیا ہے، جن کی پیدایش، تعلیم و تربیت صوبہ خیبر پختونخوا میں ہوئی اور وہ کسی اور شہر یا صوبے میں جابسے اور جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ پشاور یا صوبے کے لیے کھیل کر پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیپ حاصل کیے۔ اس میں اس صوبے سے تعلق رکھنے والے قومی آفیشیلز، کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ ڈاکٹر نسیم اشرف کا کرکٹ کے فروغ کے لیے کردار، کرکٹ ہیروزحسیب احسن، فرخ زمان، ریاض آفریدی، شکیل الرحمن، یونس خان، یاسرشاہ، رضوان احمد، محمدعمران خان، جنیدخان، ریاض آفریدی، عمرگل،وجاہت اللہ واسطی، فضل اکبر اور ارشد خان جیسے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر روشنی ڈالی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں امجد عزیز ملک نے کہا کہ اس کتاب میں شاہدآفریدی کو اس لیے شامل نہیں کیا گیا، کیونکہ ان کا تعلق خیبرپختون خوا سے ہے لیکن انہوں نے کبھی بھی فرسٹ کلاس کرکٹ پشاور سے نہیں کھیلی۔ اسی طرح عبدالقادر کو بھی اس کتاب کاحصہ نہیں بنایا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر امجد عزیز نے مزید بتایا کہ یہ میری تیرہویں کتاب ہے، جس سے کرکٹ شائقین بھرپوراستفادہ کر سکتے ہیں، امجد عزیز نے کتاب کا انتساب ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبر پختون خوا جنید خان کے نام کیا ہے جنہوں نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سب سے زیادہ کام کیا۔ آخر میں جنرل سیکرٹری جمیل راٹھور نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔