قاسم آباد میں انسداد تجاوزات عملے پر قابضین کی جانب سے حملہ

35

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد میں غیرقانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے چلنے والی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے عملے اور پولیس پر قابضین کے حملوں کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے اور سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کرکے پولیس نے شاہ لطیف کالونی میں گھر گھر تلاشی لی اور خواتین سمیت 200 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر مختلف تھانوں میں منتقل کردیا۔ پولیس کی یہ کارروائی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کئی گھنٹے تک جاری رہی ۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گھروں کی تلاشیاں بھی لیں اور کئی گھروں سے غیرقانونی سامان بھی برآمد کیا۔ واضح رہے کہ بدھ کی دوپہر کو سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر قاسم آباد کی شاہ لطیف کالونی میں غیرقانونی قابضین کیخلاف کارروائی کے دوران قابضین نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی قاسم آباد سمیت 5پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔