ملک اور عوام کے مفاد میں آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا ،مشیر اطلاعات

57

اسلام آباد( آن لائن )مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کرپشن کے کینسر کے علاج میں مصروف ہیں ۔ حکومتی فیصلوں کے نتائج جلد عوام کو نظر آئیں گے ۔ آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق بھونچال آیا ہوا ہے۔ ملک اور عوام کے مفاد میں آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا۔آئی ایم ایف بھی عوام کو ریلیف دینے کی کڑی ہے۔ حالات خراب ہوں تو ڈاکٹر بھی کڑوی گولی دیتا ہے۔ آئی ایم ایف بھی ایک کڑوی گولی ہے جو حکومت کو کھانا پڑی۔ آئی ایم ایف کی کڑوی گولی لانگ ٹرم ریلیف کے لیے ہے۔پاکستان میں آئی ایم ایف کے نام سے میڈیا میں بھونچال آیا ہوا ہے۔ اپوزیشن کا بھی ہر دل عزیز جملہ آئی ایم ایف ہی ہے ۔پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سابق حکومتوں نے عملدرآمد نہیں کیا ،موجودہ حکومت اس پلان پر عملدرآمد کررہی ہے ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں فاٹا کی نشستوں سے متعلق آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے متعلق پاکستانی میڈیا اور اپوزیشن میں بھونچال آیا ہوا ہے ۔ آئی ایم ایف کو بھی نہیں پتہ ہوگا کہ وہ پاکستان میں اتنا مقبول ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مشکل حالات میں مشکل فیصلے کیے۔، حکومت کے فیصلوں کے نتائج عوام کو جلد نظر آئیں گے ۔ آئی ایم ایف کی کڑوی گولی وقتی طور پر نگلنا پڑ رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ آج پاکستان کے عوام مہنگائی میں جکڑے ہیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی جڑ سے اکھاڑنا ہوگا اور کرپشن کا بھی خاتمہ کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم کرپشن کے کینسر کے علاج میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفی ازم کے معاشرے میں فروغ کی ضرورت ہے ۔صوفیا نے اپنے عمل سے اسلام پھیلایا نہ کہ لوگوں کی گردنیں کاٹ کر ۔صوفیا کی تعلیم کو عام کرنے اور صوفیا کی تعلیماتِ پر تحقیق کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہ ہے کہ اسلام کے خلاف منفی تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں واپس صوفیا کے راستے پر آنا ہے۔ ہم اپنے راستے سے بھٹک گئے تھے۔ صوفی ازم کا درس فلاح انسانیت ہے ۔جب تک حکومتی پالیسیوں میں عوامی فلاح شامل نہ ہو تب تک وہ حکومت کا میاب نہیں ہو سکتی ۔