گنداخہ، گندم کی فصل کاشت کرنے کے لیے نہری پانی کی قلت 

36

گنداخہ (آئی این پی) تحصیل گنداخہ میں گندم کی فصل کاشت کرنے کے لیے نہری پانی کی قلت بدستور جاری ہے، عوامی ایکشن کمیٹی گنداخہ کے مطابق گندم کی فصل مشکل سے کاشت ہوسکتی ہے، کیونکہ پانی کی تقسیم پر بااثر لوگوں کا کنٹرول ہے، وہ اپنی مرضی سے غیر کمانڈ ایریا تک پانی پہنچا کر غیر قانونی طور پر فصلیں کاشت کررہے ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی گنداخہ کے صدر عادل خان جمالی نے مزید بتایا کہ اس وقت مین کینال کھیرتھر پر بااثر لوگوں کا قبضہ ہوچکا ہے اور کینال کے مختلف مقامات پر غیر قانونی پمپنگ مشینیں چلارہے ہیں اور اس کے علاوہ بیرون کھیرتھر میں جہاں پر عدالت کی پابندی کے باوجود تمام واٹر کورس غیر کمانڈ ایریا میں چل رہے ہیں۔ محکمہ آبپاشی کے افسران سے رابطے پر انہوں نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا کنٹرول آبپاشی انتظامیہ کے ہاتھ میں نہیں ہے یہ پانی کا کنٹرول بااثر لوگوں نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے، ہم لوگ بے بس ہیں۔ عادل خان جمالی نے مزید کہا کہ اتنی بے قاعدگی پر حکومت کیوں خاموش ہے جبکہ کافی عرصے سے تحصیل گنداخہ میں پانی کی کمی کے بارے میں مسلسل پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں بھی بیانات آرہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ