دین دار اور باکردار قیادت ہی مشکلات سے نکال سکتی ہے،متحدہ مجلس عمل 

86
متحدہ مجلس عمل کراچی کے نائب صدر مفتی غوث صابری،این اے-254 سے راشد نسیم و دیگر فیڈرل بی ایریا بلاک 3 میں جلسہ سے خطاب کر رہے ہیں
متحدہ مجلس عمل کراچی کے نائب صدر مفتی غوث صابری،این اے-254 سے راشد نسیم و دیگر فیڈرل بی ایریا بلاک 3 میں جلسہ سے خطاب کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام گزشتہ روز صدیق آباد فیڈرل بی ایریا بلاک 3، نزد میمن مسجد ایک عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے صدر اور متحدہ مجلس عمل کراچی کے نائب صدر مفتی غوث صابری نے کہا کہ مجلس عمل دینی جماعتوں کا ایک گلدستہ ہے جس میں تمام مسالک اور مکاتب فکر کے علما شامل ہیں، اس وقت پاکستان کو دین دار، باکردار قیادت ہی مشکلات سے نکال سکتی ہے، مجلس عمل کے امیدواران کسی اسکینڈل، کسی بدعنوانی میں ملوث نہیں، یہ عوام کے حاکم نہیں خادم ہوں گے جو آبادیوں میں، مساجد، گلی محلوں میں عوام کے درمیان رہتے ہیں۔ یہ نمائندے منتخب ہو کر پارلیمنٹ میں پہنچیں گے تو قرآن و سنت کی رہنمائی میں عوام کے مسائل کو حل کریں گے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کراچی کے سیکرٹری اور NA-255 کے امیدوار مستقیم نورانی نے کہا کہ مجلس عمل آج سیاست کے میدان میں ایک خوش گوار جھونکا ہے، لوگوں کا اعتماد ہم پر بھرپور ہے اور ہم اس بھروسے کو منتخب ہونے کے بعد بھی برقرار رکھیں گے ہم محض خالی دعوے، وعدوں کے قائل نہیں بلکہ عوامی خدمت ہمارا بنیادی عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج شہر جس حال میں ہے اور جن کی وجہ سے ہے لوگ بخوبی انہیں پہچان چکے ہیں اور ایسے تمام عناصر کو عوام الیکشن میں کتاب پر مہر لگا کر مسترد کر دیں گے۔ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار NA-254 راشد نسیم نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن میں عوام دین بیزار، خدا بیزار تہذیب کے علمبرداروں کو مسترد کردیں گے، اس ملک کی بقا، ترقی، خوشحالی صرف اسلام میں ہے، ماضی میں عوام نے مختلف سیاستدانوں اور پارٹیوں کو موقع فراہم کیا اور اس کا انجام آج ملک کے حالات کی صورت میں سب کے سامنے ہے، یہ ملک پھر سے اسلام کی شاہراہ پر اپنے سفر کا آغاز کرے گا اور جتنے مسائل ہیں وہ اسلام ہی کی بدولت دور ہو جائیں گے۔ راشد نسیم نے کہا کہ 25 جولائی کو عوام گھروں سے نکلیں اور کتاب پر مہر لگا کر دین دار قیادت کو پارلیمنٹ میں پہنچائیں۔ جلسہ عام سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار PS-126 فاروق نعمت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات ایک موقع ہے اپنے حالات اور تقدیر بدلنے کا، ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ اس تاریخی موقع کو گھر میں بیٹھ کر ضائع کرنے کے بجائے پولنگ اسٹیشن پہنچیں اور کتاب پر مہر لگائیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ