پاکستان سپر لیگ کی انعامی رقم کا بھارت میں مذاق اُڑنے لگا

350

لاہور: پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں اور ٹیموں کو دیے گئے انعامات یا انعامی رقم کے حوالے سے بھارت میں مذاق اڑانا شروع کردیا گیا۔

بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا جاتا جب کہ بھارت میں مخصوص عناصر خصوصاً حکمران جماعت بی جے پی اور اس کی آشیرباد سے چلنے والی تنظیمیں اور مودی سرکار کی تعریفوں کے پل باندھنے والے بھارتی میڈیا کو اب پی ایس ایل میں انعامی رقوم پر اعتراض ہونے لگا۔

پی ایس ایل کی انعامی رقم کا بھارت میں ہونے والی ویمنز پریمیئر لیگ کی انعامی رقم کے ساتھ موازنہ کیا جا رہا ہے اور پی ایس ایل کی انعامی رقم کم ہونے پر اس بات کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل سیزن 9 کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو دی گئی رقم کا بھارتی ویمز ٹیم کی فاتح رائل چیلنجر بنگلور کو دی گئی رقم سے موازنہ کیے جانے پر کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین بھارت کی کم ظرفی قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 9 کی ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 14 کروڑ روپے انعام کے طور پر ملے جو بھارتی کرنسی میں تبدیل کیے جائیں تو تقریباً 4 کروڑ 13 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ اسی طرح رنر اپ ٹیم کو 5 کروڑ 60 لاکھ روپے دیے گئے ہیں جو بھارتی کرنسی میں ایک کروڑ 65 لاکھ روپے کے مساوی بنتے ہیں۔

اسی طرح ویمنز پریمئیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کی فاتح ٹیم رائل چیلنجر بنگلور کو بھارتی 6 کروڑ روپے ملے جو پاکستانی کرنسی میں 20 کروڑ روپے سے زیادہ بنتے ہیں اور رنر اپ دہلی کیپٹلز کو بھارتی 3 کروڑ روپے ملے جو پاکستانی کرنسی میں 10 کروڑ سے زائد بنتے ہیں۔