یوم باب الاسلام: تجدید عہد و عزم کا دن

673

10 رمضان المبارک اسلامی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جسے ہم ’’یوم باب الاسلام‘‘ کے نام سے ہر سال یاد کرتے ہیں۔ اس دن عالم اسلام کے عظیم فرزند محمد بن قاسم نے سندھ میں اسلامی حکومت کی بنیاد رکھی یہاں کے مظلوم و محکوم عوام کو نہ صرف ظلم و جبر کے نظام سے نجات دلاکر اسلام کے آفاقی پیغام سے وابستہ کیا۔ بلکہ سندھ کو اسلامی تہذیب و تمدن اور بھائی چارہ کا مرکز بنا دیا۔
محمد بن قاسم نے عدل ، رواداری، تحمل مزاجی، حاکمیت الٰہی اور معاشرتی فلاح اقدار پر مبنی پر نظام کی بنیاد رکھی۔سندھ میں اسلام کی آمد ہی تحریک پاکستان کی طرف پہلا قدم تھا اور اسی نے دو قومی نظریہ کو وجود بخشا۔ہمدرد پاکستان کے بانی شہید حکیم محمد سعید ، نئی نسل میں جذبہ حب الوطنی بیدار اور رواں رکھنے کے لیے اس دن کو ہر سال اہتمام سے مناتے تھے۔ اور یہ سلسلہ آج بھی جاری و ساری ہے۔ حکیم صاحب تحریک باب الاسلام کے حقیقی علمبردار تھے۔ اور اس کے عملی اظہار کے طور پر انہوں نے شہرِ علم و حکمت ’’مدینہ الحکمہ‘‘ کو قائم کرنے کے لیے اس مقام کا انتخاب کیا جہاں سے ماہرآثار قدیمہ کے ماہرین کے مطابق محمد بن قاسم سندھ میں داخل ہوئے تھے۔
یوم باب الاسلام اس عہد کی تجدید اور عزم کا اظہار ہے کہ ہم حق کی بقا، ظلم کے خاتمے اور دین کی سربلندی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں، اپنی دینی اور ملی ذمہ داریوں کا احساس و ادراک کرتے ہوئے ملک کی نظریاتی جڑوں کو مضبوط و مستحکم کریں۔ اللہ تعالیٰ ہماراحامی و ناصر ہو۔ آمین