بھارتی دہشت گردی میں مزید 4 کشمیری شہید تعداد 10 ہوگئی،پاکستان کا یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ

517

سری نگر/پلوامہ/اسلام آباد (خبر ایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ریاستی درندگی کی انتہا کردی، حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جھڑپوں میں اضافہ، عوام مشتعل، احتجاج کرنے والوں پر قابض فوج اور فورسز کا بدترین تشدد ،3 روز میں 10 نوجوانوں کو شہید کر دیا،قابض بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں کو سری نگر اور پلوامہ میں شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران بھارتی فورسز کی درندگی میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔دریں اثنا پاکستان نے بھارت سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بھارت کی جانب سے حریت رہنما یاسین ملک کو جعلی اور مشکوک کیس میں سنائی گئی سزا کی شدید مذمت کی ۔ عاصم افتخار نے کہا کہ اس معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا جبکہ وزیر خارجہ نے یاسین ملک کی جلد اور فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سری نگر اور پلوامہ میں جمعے کو 4معصوم کشمیر ی نوجوانوں کو بھارتی افواج نے شہید کردیا ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔