پاک چین دوستی کا تقاضا ہے عوام دونوں ممالک کے بارے میں جانیں

405

پشاور(جسارت نیوز)ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کا تقاضا ہے کہ عوام دونوں ممالک کے بارے میں جانیں اور ایک دوسرے ملک سے متعلق آگہی حاصل کریں تاکہ انہیں ایک دوسرے کے بارے میں زیادہ قریب سے جاننے کا موقع ملے۔ اس سلسلے میں ثقافتی پروگرام اور تصاویر کی نمائشیں انتہائی اہم ہیں۔وہ یہاں چائنا ونڈو میں چین کے صوبے سنکیانگ کے شہر کوچہ سے متعلق تصویری نمائش کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔نمائش کا انعقاد اسلام آباد میں چینی سفارت خانہ کے کلچر سیکشن اور چائنا سینٹر اسلام آباد کے تعاون سے چائنا ونڈو نے کیا تھا۔ دو ہفتوں سے زیادہ جاری رہنے والی اس نمائش کو ہزاروں افراد نے دیکھا اور کوچہ شہر کے قدرتی حسن سے متعلق تصاویر کو بہت پسند کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود نے بھی نمائش میں رکھی گئیں 70 سے زیادہ تصاویر دیکھیں اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے اور دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کو بہت چاہتے ہیں لیکن وقت کا تقاضا ہے کہ عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے ملک کی ثقافت سے آگہی کے لیے ثقافتی پروگرام منعقد کرنے چاہئیں جبکہ تصویروں اور مصوری کی نمائشیں بھی لوگوں کی توجہ حاصل کرتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود نے کہا کہ انہیں چائنا ونڈو کا دورہ کرنے کا موقع بھی ملا جو بلاشبہ لائق ستائش کاوش ہے اور انہیں یقین ہے کہ چائنا ونڈو دونوں ممالک کے عوام خاص طور پر اہل پشاور اور خیبر پختونخوا کو چینی عوام کے درمیان دوستی کے رشتے مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منتظمین کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔