کم گیس پریشر کا معاملہ وفاق کے سامنے اٹھایا ہے، وزیر اعلیٰ پختونخوا

157

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے رواں موسم سرما میں صوبے میں گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو ایک سنجیدہ عوامی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ وفاقی سطح پر متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا گیاہے اور ان پر واضح کیا گیا ہے کہ صوبے میں گیس کے کم پریشر کا سبب بننے والے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں صوبائی حکومت عوامی مفاد میں دستیاب تمام قانونی اور آئینی راستے اختیار کرے گی۔ وہ جمعہ کے روز صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ گزشتہ کابینہ اجلاس میں جاری سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق احکامات پر دیئے گئے ٹائم لائنز کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور تمام محکمے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل تمام منصوبوں کے پی سی ونز کی مقررہ مدت کے اندر متعلقہ فورم سے منظوری کو یقینی بنائیں۔ کابینہ نے بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبے کے 7 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سٹی لوکل گورنمنٹ کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے صوبے میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے علاوہ نجی ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق محکمہ بلدیات کے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کاجائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ۔