اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائے منیراکرم

270

نیویارک(صباح نیوز)پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم کا سلسلہ رکوانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ان خیالات کااظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے مستقبل میں مظالم کی روک تھام کے لیے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت میں آر ایس ایس کے نظریے کی حامی بھارتی جنتا پارٹی کے دور میں اسلام مخالف پراپیگنڈے کو حکومتی پشت پناہی میں فروغ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندو بالا دستی کے نظریے کے حامی افراد کی اخلاقی اقدار کا اندازہ بی جے پی کے ممتاز رکن پارلیمنٹ کے اس اعلامیے سے لگایا جاسکتا ہے کہ تمام لوگ برابر نہیں اور درجے کے لحاظ سے مسلمان مساوی نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلمان آبادی کے 30 فیصد سے زیادہ ہو گئے تو ملک کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے رہنما کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد اور تحریک آزادی کو کچلنے اور مقبوضہ وادی کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں کیونکہ ان کے نزدیک اس مسئلے کا حتمی حل یہی ہے۔