وزیر اعظم نے فضل الرحمن سے مذاکرات کیلیے کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی ،پرویزخٹک

156

پشاور(اے پی پی)وزیردفاع پرویزخٹک نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مذاکرات کے لیے وزراء کی کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی اور نہ ہی کسی کو یہ ٹاسک سونپا ہے،بعض اپوزیشن جماعتیں اس حوالے میڈیا پربے پرکیاں اڑارہے ہیں ،مولانا 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے تو پھر دیکھیں گے، جمہوریت کے دعویداروں کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، سب سن لیں پی ٹی آئی کی حکومت 5برس کی آئینی مدت پوری کرے گی اور 2023 ء کے انتخابات میں ایک بار پھر عوام کے ووٹوں سے پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گی، ملک میں مڈٹرم انتخابات بالکل نظر نہیں آتے‘ ملک پہلے سے معاشی بحران کا شکار ہے‘ عمران خان معیشت کو سنھبالا دینے اور بحران کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں‘ بھارت کچھ بھی کرلے کشمیر بنے گا پاکستان۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو ویلج ناظم نواز خان کے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت‘ عراق آباد میں استقبالیے سے خطاب اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد ریاض خان ایڈووکیٹ کے صاحبزادوں حسن ریاض اور حسین ریاض کی دعوت ولیمہ کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔