عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی بلدیاتی اداروں کی ذمے داری ہوتی ہے

190

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے ضلعی و تحصیل ناظمین کا اجلاس نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا و ممبرصوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان کے صدار ت میں ہوا ۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حمداللہ جان ، ضلعی ناظمین صاحبزادہ فصیح اللہ ، ڈاکٹر عبید اللہ ، حاجی محمد رسول ، تحصیل ناظمین و نائب ناظمین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلعی و تحصیل ناظمین نے اپنی چار سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کیے اور اپنے علاقوں میںہونے والے کام پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عوام کے مسائل کے حل اور علاقوں کی ترقی کے لیے بھرپور جدوجہد کی اور اس میں کامیابی حاصل کی ۔ اجلاس میںفیصلہ کیاگیا کہ جماعت اسلامی کے ضلعی و تحصیل ناظمین کی چار سالہ کارکردگی کو دستاویزی شکل دیں گے اور ڈاکومنٹری کے ذریعے عوام تک پہنچائیں گے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عنایت اللہ خان نے کہاکہ جماعت اسلامی بلدیاتی نظام کی نہ صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ جمہوریت کی بقاء اور نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کے لیے اس کو ضروری سمجھتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ نئے بلدیاتی نظام میں ضلعی حکومت کو ختم کرکے ان کے سراورپر کاٹ دیے گئے ہیںاور اس کو ایک بے جان لاشہ بنادیاگیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی نے اس اقدام کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اور انفرادی طور پر بھی عدالت سے رجوع کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پوری دنیا میں کوئی ایسا بلدیاتی نظام نہیں ہے جس میں میئر یا ضلعی ناظم نہ ہویہ آئین کے بھی منافی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بلدیاتی نظام میں ضلعی اور تحصیل کونسلوں کا اہم کردار ہوتا ہے اور ضلع اور تحصیل کونسل کے بغیران کا تصور نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو زندگی کے بنیادی ضروریات کی فراہمی بلدیاتی اداروں کی ذمے داری ہوتی ہے۔