حکومت نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا،سراج الحق

196

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے علاوہ حکومت نے کشمیریوں کی پیٹھ میںبھی چھرا گھونپ دیاہے ۔ پاکستان کی کسی حکومت کی طرف سے پہلی بار بھارت کی حمایت کرنا اس بات کی نشاندہی ہے کہ حکومت اپنے دعوئوں کے برعکس سر اٹھانے کے بجائے عالمی طاقتوں کے آگے ڈھیر ہوگئی ہے ۔ جماعت اسلامی 30 جون کو کراچی کے عوامی مارچ میں داخلہ ، خارجہ مسائل کے حوالے سے حکومت کو ایک چارج شیٹ دے کر اس کے خلاف اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔ اپنے ایک بیان میں سرا ج الحق نے کہاہے کہ اے پی سی نے حکومت کے خلاف جماعت اسلامی کی چارج شیٹ کی حمایت کردی ہے ۔ عوامی حقوق کی خاطرجماعت اسلامی حکومت کے خلاف ہر جدوجہد کی حمایت کرتی ہے ۔ حکومت طاقت کے زعم میں اندھی اور بہری بنی ہوئی ہے ۔ عوام کی پریشانیوں پر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ جماعت اسلامی بجٹ کا اعلان ہونے کے بعد سے سڑکوں پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کراچی کے جلسے میں مہنگائی ،بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے علاوہ حکومت کی طرف سے بھارت کی حمایت کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کی 10 ماہ کی کارکردگی ناکامی اور نااہلی کی ایک داستان ہے ۔ حکومت کو لانے اور سپورٹ کرنے والوں نے جو توقعات باندھی تھیں ، حکومت ان پر پورا نہیں اترسکی ۔مہنگائی کی چکی میں پستے عوام محرومی اور مایوسی کی تصویر بن چکے ہیں ۔ حکومت آئی ایم ایف کے مطالبے پورے کرنے کے لیے عوام کے جسم سے خون کاآخری قطرہ بھی نچوڑ لینے پر تلی ہوئی ہے ۔ بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتوں میں آئے روز اضافے اور ڈالر کی اونچی اڑان سے ہونے والی روپے کی بے قدری نے مہنگائی کا ایک طوفان اٹھا رکھاہے جس سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے ۔