کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل فوڈز لمیٹڈ نے درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے اپنے قابل قدر سیڈ ٹو ٹیبل پراجیکٹ کا آغاز کردیا ہے۔اس پراجیکٹ کے تحت نیشنل فوڈز لمیٹڈ فارم چلانے والی کمپنیوں کے ساتھ شراکت کرتے ہوئے مقامی کسانوں کو بااختیار بناتے ہوئے پاکستان کی زرعی ویلیو چین کو مضبوط بنارہا ہے۔
پاکستان کے زرعی منظر نامے کو تبدیل کرنے کے ویژن کے تحت نیشنل فوڈز لمیٹڈ نے سیڈ ٹو ٹیبل منصوبے کا آغاز اگست 2023میں کیا جس کا مقصد خام مال کے لیے درآمدات پر انحصار کم کرنا ہے بالخصوص ٹماٹر کے گودے کی درآمد جو 10ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
اس پراجیکٹ کے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول ٹماٹر کے کاشتکاروں کی کاوشوں سے ستمبر 2023میں سندھ کے مختلف علاقوں میں 500ایکڑ رقبہ پر ٹماٹر کے بیج کاشت کیے گئے جس کی کٹائی فروری 2024میں کی گئی اور 8ہزار ٹن اعلیٰ معیار کے ٹماٹر اب تک حاصل کیے جاچکے ہیں۔
نیشنل فوڈز لمیٹڈ کے گلوبل سی ای او ابرار حسن نے سیڈ ٹو ٹیبل پراجیکٹ کی اہمیت اور اب تک ہونے والی کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اب تک اس پراجیکٹ سے 2ملین ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ہوچکی جو بڑھ کہ 10ملین ڈالر تک ہو سکتی ہے۔ اس تصور کو عملی شکل دینے سے امریکی مارکیٹ میں 10ارب ڈالر سے زائد کے ایکسپورٹ امکانات روشن ہوئے ہیں۔
اس پراجیکٹ کا مقصد مقامی کسانوں کو بااختیار بناکر زرعی ترقی کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا ہے جس کے لیے جدید طریقوں سے فارم چلانے والی کمپنیوں سنجینٹا، ابتداء وینچرز، وائٹل گرین، انڈس ایکرس، کیولار، ال رحیم ایگری پراسیسنگ، فارمدار، فارمیوو اور سلام تکافل شامل ہیں۔
ابرار حسن نے کہا کہ سیڈ ٹو ٹیبل اگرچہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے تاہم اس کے نتائج توقع سے بڑھ کر ہیں۔ نیشنل فوڈزآئندہ سال تک زیر کاشت رقبہ کو دگنا کریگی جس کے لیے شراکت داریوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
سپلائی چین کے پورے کنٹرول کے زریعے ہم نے اعلیٰ معیار کے تازہ ٹماٹر کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا ہے جو نیشنل فوڈز لمیٹڈ کی فیکٹریز تک براہ راست پہنچائے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیڈ ٹو ٹیبل منصوبہ کو دیگر اہم اجزاء کی پیداوار کے لیے بھی دہرایا جائے گا جن میں سرخ مرچ شامل ہے تاکہ مقامی زراعت کو مزید مضبوط بناکر امپورٹ پر انحصار کم کیا جاسکے۔
یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ ملک میں سالانہ ایک لاکھ44ہزار سرخ مرچ پیدا ہونے کے باجود صنعتی ضرورت پوری کرنے کے لیے ہر سا ل 20ہزار ٹن سرخ مرچ درآمد بھی کی جاتی ہے۔ نیشنل فوڈز لمیٹڈ ٹماٹر کی طرح سرخ مرچ کی پیداوار بڑھانے کے لیے بھی متعلقہ فرمز کے ساتھ شراکت داری کررہا ہے۔
یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ نیشنل فوڈز لمیٹڈ پانچ دہائیوں سے 12 سے زاید کٹیگریز کی مصنوعات کے ساتھ فوڈ سیکٹر کا اہم پلیئر ہے جو پاکستان میں 250 مصنوعات فراہم کرنے کے ساتھ دنیا کے چالیس ملکوں کو برآمد بھی کررہا ہے۔