کے ٹومنصوبے میںتاخیر وفاق کی سرد مہری کے باعث ہے‘سعیدغنی

31

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہم کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے قلیل اور طویل مدتی منصوبوں پرکام شروع کریں۔ کراچی کے صنعتی زونز کو سیوریج کا پانی ٹریٹ کرکے اسے صنعتی استعمال کے قابل بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور واٹر بورڈ کے اشتراک پر مختلف منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔وہ بدھ کو سیکرٹری بلدیات سندھ کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کے دوران خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں کراچی میں مختلف ذرائع سے پانی کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں پانی کی فراہمی کے لیے ہر قسم کے وسائل کو بروئے کار لانے میں کوشاں ہے۔ انہوںنے کہا کہ کراچی میں اس وقت طلب کے مقابلے پانی کی رسد میں 50 فیصد کی کمی کا سامنا ہے اور اسی لیے ہم نے K-4 منصو بے کا آغاز کیا ہے لیکن افسوس کہ اس میں وفاقی حکومت کی سرد مہری کے باعث تاخیر ہورہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے پی پی پی کے تحت سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کرکے صنعتوں کے استعمال کے قابل بنانے کے لیے مختلف ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے آفرز پر بھی کام شروع کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ہم نے صنعتکاروں کو بھی آن بورڈ لیا ہوا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ صنعتی پیداوار کو بڑھانے کے لیے سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کرکے استعمال کے قابل بنایا جائے۔