غربی میں چائینز ٹھیکیداروں نے کام بند کیاہے‘ڈاکٹر سجنانی

62

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ڈاکٹر اے ڈی سجنانی نے کہا ہے کہ ضلع غربی میں صفائی کی غیر اطمینان بخش کارکردگی اور مشینری و عملہ کی کمی کے باعث چائنیز کمپنی کو شوکاز نوٹس دیا گیا ہے جس کی وجہ سے چائنیز کنٹریکٹر نے کام بند کیا ہوا ہے،جبکہ ڈی ایم سی غربی اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا عملہ مشترکہ حکمت عملی سے صفائی کا کام انجام دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ضلع غربی کے دفتر میں ڈی ایم سی غربی کی انتظامیہ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ انتظامیہ کی باہمی رضامندی سے فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق ضلع غربی کے چاروں زونز کے دو ، دو پوائنٹ سے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکا عملہ کچرا اٹھانے کا کام انجام دے رہا ہے جس میں کیماڑی ذون سے جنگل شاہ گراؤنڈ اورمین پراچہ چوک، سائٹ ذون سے قصبہ جی ٹی ایس اور بڑا بورڈ سائٹ، اورنگی زون سے ہزارہ چوک اور پی ایس مومن آباد کے سامنے گراؤنڈ، بلدیہ زون سے بلدیہ جی ٹی ایس اور پیر بازار گراؤنڈ شامل ہیں جبکہ گلیوں، محلوں اور سڑکوں کی صفائی کا کام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن غربی انجام دے گی اس کے ڈی ایم سی غربی کے پاس مشینری و عملہ موجود ہے۔ ایم ڈی ڈاکٹرسجنانی نے کہا کہ ضلع غربی میں صفائی ستھرائی کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور جلد صفائی کی صورتحال کو بہترکرلیں گے۔