معیشت کو لہولہان کرنے والے ڈالر پر تبصرہ کررہے ہیں،فردوس عاشق اعوان

183
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر عاشق اعوان میڈیا سے گفتگو کررہی ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر عاشق اعوان میڈیا سے گفتگو کررہی ہیں

اسلام آباد (آن لائن+صباح نیوز )وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلا عات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈالر پر تبصرے کرنے والے سائنس دان بنے ہوئے ہیں، باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے معیشت کو لہولہان کیا اور اربوں روپے کا قرض چھوڑ کر گئے ہم بھی سیا سی مفادات کے لیے معاملات قالین کے نیچے چھپا سکتے تھے ہمیں سیاسی نہیں قومی مفاد عزیز ہے ۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا غریب، مزدور اور محنت کشوں کا جتنا احساس وزیراعظم کے دل میں ہے کسی سابق حکمران کے دل میں نہیں دیکھا، 8 ماہ کی حکومت سے 70 سال کاحساب نہیں مانگا جاسکتا، پاکستان کا مفاد ہماری اولین ترجیح ہے۔مسائل کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھ سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کیا عمران خان تما م چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آئے ہیں ملک میں تما م اداروں میں اصلا حات کا عمل مکمل کر نا ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کو سب سے زیادہ مزدور اور پسے ہوئے طبقے کی فکر ہے، ہم نے مشاورت سے آگے بڑھنا ہے، ماضی کے حکمرانوں نے ملکی معیشت کو قرضوں تلے دبا دیا۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے سی پی این ای کو یقین دلایا ہے کہ ’’پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی‘‘پیمراکا بل اسمبلی میں پیش نہیں کیا جائے گا۔ یہ یقین دہانی وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی سے ملاقات کے دوران کرائی۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آزادی اظہار ، آزادی صحافت اور جمہوریت کے فروغ پر مکمل یقین رکھتے ہیں، حکومت میڈیا سے متعلق سی پی این ای سے مشاورت کے بغیر کسی بھی قسم کی فیصلہ سازی اور قانون سازی نہیں کرے گی۔ سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے میڈیا میں موجودہ سراسیمگی اور بے چینی ختم ہوگی کیونکہ آزاد میڈیا جمہوری ماحول کو سازگار بنانے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ آزاد ذرائع ابلاغ سے معاشرے میں آگہی فروغ پاتی ہے۔