تھرکول منصوبہ کامیاب بنانے میں ہر ممکن مدد کریں گے،وزیر اعظم

57
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے متعلق اجلاس ہورہا ہے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے متعلق اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے تھرمیں کوئلے کو ملک کا ایک اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھر کوئلے کو بروئے کار لانے سے ملکی توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی، وفاقی حکومت قومی مفاد کے حامل تھر کول منصوبہ کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو اسلام آباد میں تھر کوئلہ کے ذخائر اور ان کے استعمال سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ پر قابو پانے کے سلسلہ میں وفاقی دارالحکومت میں 14 اگست 2019ء سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر مکمل پابندی عاید کر دی جائے گی۔ یہ بات وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیرِاعظم کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور پر غور ہوا۔ مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے وزیراعظم کو الیکٹرک وہیکل پالیسی(برقی قوت سے چلنے والی گاڑیوں سے متعلق پالیسی) پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم نے مشیر ماحولیات کو ہدایت کی کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کو آئندہ 2ہفتوں میں حتمی شکل دے کر کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔