پنجاب حکومت بھارتی ایجنڈے پر چلنے سے باز رہے، جماعت اسلامی

163

اسلام آباد: جماعت اسلامی نے پنجاب حکومت کا مقابلہ موسیقی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بھارتی ایجنڈے پرچلنے سے باز رہے۔

امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم اور سیکرٹر ی جنرل اقبال خان نے پنجاب حکومت کی جانب سے نئی آوازکی تلاش،کے نام پر مقابلہ موسیقی کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ایک کروڑ11لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں، اسپتالوں میں مریض سہولیات نہ ہونے کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، کسان

پورے پنجاب میں گندم کے ریٹ اور اپنے حقوق کے لیے سراپااحتجاج ہیں، لیکن حکومت پنجاب مسائل حل کرنے کے بجائے نوجوانوں کو خرافات اور بے ہودگی کی جانب دھکیل کرصوبائی خزانے سے کھلواڑ کررہی ہے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ  جماعت اسلامی ہندوستانی ایجنڈے کوپنجاب میں پروان چڑھانے کی قطعی طورپراجازت نہیں دے گی۔

مریم  نواز حکومت کی جانب سے ضلعی، ڈویژنل او رصوبائی سطح پر مقابلہ موسیقی کے انعقاد اوربجٹ مختص کرنے پر جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے شدید غم وغصے   کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں معصوم بچوں پر آگ اور بارود کی بارش ہورہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم ناقابل بیان ہیں۔ پاکستانی قوم سمیت پوری امت مسلمہ  سوگ اور غم کی کیفیت میں ہے لیکن پنجاب کے حکمران عالمی شیطانوں کی ایجنڈ ے پر خوشی کے شادیانے بجارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 ماہ کے شیڈول کوختم کرکے فی الفورموسیقی کے  مقابلوں کاسلسلہ بند کیا جائے۔ اگراس خرافا ت کوجاری رکھا گیا توجماعت اسلامی پنجاب،عوامی اسمبلی  میں اس کے خلاف اقدامات کرے گی۔