آرامکو کا یورپ کو تیل کی سپلائی بڑھانے کا اعلان

46

دبئی (اے پی پی)سعودی عرب کی قومی آئل و گیس کمپنی ’’ آرامکو ‘‘ نے یورپ کو تیل کی سپلائی بڑھانے کا اعلان کردیا، آئندہ دوسال کے دوران یورپی خطے کو تیل کی سپلائی میں 3 لاکھ بیرل یومیہ اضافہ کیا جائے گا۔آرامکو کے سینئر نائب صدر عبدالعزیز الجدیمی نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کا ملک یورپی خطے کو تیل کی سپلائی بڑھانے کا خواہاں ہے ، اس کو عملی جامہ پہنانے اور سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے لندن میں ایک دفتر کھولا جارہا ہے ۔
جو خطے میں کاروباری سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ کمپنی دونوں شعبوں یعنی ریفائننگ اور مارکیٹنگ میں اپنی سرگرمیوں میں تیزی لارہی ہے تاکہ نئے تجارتی معاہدوں کے ذریعے اپنی تیل مارکیٹ میں وسعت لائی جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تحت یورپ کو تیل کے ساتھ ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر بھی کام کیا جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ ایسی مارکیٹ ہے جہاں زیادہ عرصے تک تجارتی سرگرمیاں جاری رکھی جاسکتی ہیں۔عبدالعزیز الجدیمی نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب یورپ کو ماہانہ 3 ملین بیرل تیل اور پٹرولیم مصنوعات برآمد کرہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ تیل کی سپلائی کو موجودہ سطح سے بڑھا کر آئندہ دوسال میں 10 ملین بیرل ماہانہ تک لایا جائے، اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہم نے یورپ میں آئل 3 لاکھ بیرل یومیہ آئل ریفائننگ کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے مصر اور ہالینڈ کی بندرگاہوں پر اپنی آئل سٹوریج کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے ، مصر کی بندرگاہ پر ذخیرہ کردہ 60 فیصد سے زیادہ تیل سعودی عرب کا ہے جسے یورپ تک پہنچایا جائے گا۔انھوں نے بتایا کہ اس وقت روٹرڈیم ٹرمینل میں 6 ملین بیرل سے زیادہ تیل موجود ہے، آرامکو یونان میں بھی سرمایہ کاری کا عمل جاری رکھے گی۔