قومی کرکٹ ٹیم آئندہ ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی، صادق محمد

43

کراچی(اسٹاف رپورٹر )سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے کہہ سکتا ہوں کہ ٹیم آئندہ ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی ۔ سرکاری خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ میں ہر ٹیم تیاری کے ساتھ آئی ہے، لیکن پاکستان کی ٹیم کی بیٹنگ بھی بہتر ہوگئی ہے اور شاداب خان کی ٹیم میں واپسی سے کہا جاسکتا ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ کی ٹاپ4 ٹیم میں شامل ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہت سلو وکٹیں ہیں ،جہاں پر بولرز کو مدد نہیں مل رہی ۔پاکستانی بولرز کی سپیڈ زیادہ نہیں ہے اور انہیں ایسی وکٹوں پر کھیلنے کے لئے مذید پریکٹس کرنی چاہئے ۔ہمیشہ سے پاکستان کی بولنگ لائن بہتر رہی ہے لیکن اس مرتبہ الٹ ہوگیا ۔پاکستان کی بیٹنگ پرفارم کررہی ہے لیکن بولنگ بہتر نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ میں عماد وسیم کو ٹیم کا حصہ نہیں ہونا چاہئے نہ تو اس کی بولنگ بہتر ہے اور نہ ہی بیٹنگ میں وہ کوئی پرفارمنس دکھا رہا ہے ۔صادق محمد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ محمد عامر کی ماضی میں پرفارمنس اچھی نہیں رہی لیکن اب بھی وہ ٹیم میں شامل دیگر بولر سے بہتر ہے ۔اسلئے اسے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ آصف علی مڈل آرڈر میں مسلسل اسکور کررہا ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں امام الحق نے 150سکور کیے، لیکن اس کو آخری اوور تک بیٹنگ کرنا چاہئے تھی ۔پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ بھی بہت خراب تھی کئی کھلاڑیوں کے کیچز ڈراپ ہویے جبکہ شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہونا چاہئے۔