خصوصی افراد کی بحالی کے لیے ایڈوائزری کونسل بنانے کا فیصلہ

35

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی بحالی کے کاموں میں تیزی لانے کے لیے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صوبائی سطح پر ایک ایڈوائزری کونسل قائم کرے گا جس کا بنیادی مقصد خصوصی افراد کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔حکومت سندھ نے ان خصوصی افراد اور بچوں کی بحالی کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں اور مزید اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں جن کہ جلد مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری بحالی خصوصی افراد خالد چاچڑ، ڈپٹی سیکرٹری شاہ زیب شیخ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے مزید بتایا کہ ان کی ہر ممکن کوشش ہوگی کہ اس مجوزہ کونسل میں خصوصی افراد اور بچوں کی بحالی کے کاموں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو شامل کیا جائے تاکہ مثبت نتائج سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایڈوائزری کونسل کے قیام کا مقصد ان تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں سے خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ بہتر طریقے سے ہوسکے اور ان کی بحالی کے کاموں میں بھی رابطے کے بہتر مواقع مہیا ہوسکیں۔