استاد کی تربیت ہی سے معاشرے میں تبدیلی ممکن ہے،حافظ نعیم

64
عثمان پبلک اسکول سسٹم کی تقریب شب بیداری سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،عبدالواحد شیخ اور معین الدین نیر خطاب کر رہے ہیں
عثمان پبلک اسکول سسٹم کی تقریب شب بیداری سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،عبدالواحد شیخ اور معین الدین نیر خطاب کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) دین صرف نماز روزہ، حج نہیں ہے ،دین تعلیم بھی ہے ،معاشرت بھی ہے ،نظام اور اجتماعی زندگی بھی ہے،طالب علم کی تربیت دین کے تقاضوں کے عین مطابق ہونا ضروری ہے، استاد کی تربیت ہی سے معاشرے میںتبدیلی ممکن ہے، ان خیالات کااظہار امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عثمان پبلک اسکول سسٹم کیمپس II نارتھ کراچی میں شب بیداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب سے نائب قیم جماعت اسلامی کراچی عبدالواحد شیخ عثمان پبلک اسکول سسٹم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید معین الدین نیرنے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے کہاکہ حضور ؐ ہمارے آئیڈیل ہیں، نبیؐ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، عثمان پبلک اسکول کی انتظامیہ تعریف کی مستحق ہے جس نے ایک ایسا اجتماع منعقد کیا جس سے ہمیں ہمارا بھولا ہوا سبق یاد آگیا ہے۔ یہاں شعبہ علم کے لوگ موجود ہے، یہ شعبہ معاش سے زیادہ معاشرے کے مستقبل کا ضامن ہے،انہوںنے کہا کہ کوئی شخص تعلیم کے شعبے کو تجارت سمجھتا ہے توسمجھتا رہے،ہم تو اسے خدمت سمجھتے ہیں،کیونکہ یہی ہماری تاریخ ہے، استاد کو بہرحال اس کا مقام تو ملنا چاہیے استاد کے لیے چیلنج تو ہے لیکن ،اگر ہم معاشرے میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو ان چیلنجز کو قبول کرنا ہوگا۔مقررین نے کہا کہ عثمان پبلک اسکول سسٹم کاطالب علم کامل مسلمان ہوناچاہیے، وہ ڈاکٹر، انجینئر سائنس دان کچھ بھی بنے لیکن راسخ العقیدہ باعمل مسلمان ہو جو معاشرے میں’’خلیفۃ اللہ فی الارض‘‘کی ذمے داری ادا کرسکے،یاد رکھیں کی یہ مسئلہ ادارے کا نہیںبلکہ ہمارے معاشرے کاہے،ہمیں پختہ سوچ والے کامل لوگ پیدا کرنے ہیں۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سید معین الدین نیرنے ادارے کی روایتی پروگرام کی بر وقت اور اچھی تیاری پر ٹیم کی تعریف اور دعا کی اور اس بات کا عزم کیا کے درس و تدریس کی ایسی محفلیں سجاتے رہیں گے۔نائب قیم جماعت اسلامی کراچی عبدالواحد شیخ نے درس قرآن دیااور ادارے کے دیگر معلمین نے حاضرین کی تربیت کے لیے مختلف سیشن کروائے۔