پی ایس ایل 4 کیلیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی

34

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 4کیلئے تمام 6ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی، کھلاڑیوں کا ڈرافٹ کا عمل پرانے طریقہ کار کے تحت ہوگا اور ہر فرنچائز کو پرانی ٹیم سے 10کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔ترجمان پی ایس ایل کے مطابق پی ایس ایل کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل ایونٹ کی سرگرمیوں میں مزید شہروں کو شامل کرنے کی غرض سے لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔اس سے قبل پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ لاہور میں ہوئی تھی۔ڈرافٹنگ کے عمل سے قبل پی ایس ایل کی تمام 6ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو 12نومبر تک برقرار رکھ سکیں گی اور 13نومبر کے بعد یہ موقع ختم ہوجائے گا۔پی ایس ایل کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ٹیم کم ازکم 10کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کے سرفہرست کھلاڑیوں میں اے بی ڈی ولیئرز، اسٹیوا اسمتھ، کیرون پولارڈ، کولن منرو، شین واٹسن، سنیل نرائن، کرس لین اور ڈیرن سیمی شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے گزشتہ سیزن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے علاوہ تبادلہ یا ڈرافٹ کے لیے بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔پاکستان سپرلیگ کا آغاز 14فروری 2019کو ہوگا جہاں گزشتہ سال کی 6ٹیمیں ہی حصہ لیں گی۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد پر مشتمل 5ٹیموں سے ہوا تھا لیکن گزشتہ سال ملتان سلطان کا اضافہ کیا گیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلا چمپیئن بنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد دوسرا سیزن پشاور زلمی کے نام رہا تاہم تیسرے ٹورنامنٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دوبارہ چمپیئن بن گئی اور اب اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل سمیت 8 میچ پاکستان میں رکھے گئے ہیں جو کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ اسلام آباد پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی میزبانی کرنے والا دوسرا شہر بن گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ