ن لیگی رہنما چیئر مین نیب کیخلاف سپریم جوڈیشنل کونسل میں درخواست دائر کردی

41

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما نے سابق وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف کے خلاف مبینہ طور پر بے بنیاد الزمات لگانے پر قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) سے رجوع کرلیا۔نور محمد اعوان نے اس قبل عدالت عظمیٰ میں نیب چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کے خلاف درخواست دائر کی تھی جسے چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے خارج کردیا تھا، درخواست میں چیئرمین نیب کی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔قوانین کے مطابق اگر اعلیٰ عدلیہ کے کسی جج اور نیب کے چیئرمین کے خلاف کوئی الزام سامنے آئے تو معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھجوا دیا جاتا ہے۔درخواست میں(ن) لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ سیاسی مقاصد کے تحت سیاستدانوں کی جانب سے اپنے مخالفین پر الزام لگانا قابل قبول ہے تاہم نیب جیسے موثر ادارے کو کسی سیاسی رہنما کے خلاف سیاسی مہم کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔اس ضمن میں نیب کی بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ ایسے الزامات کے حوالے سے پریس ریلیز جاری کرنے سے گریز کرے جن کے لیے مزید تحقیقات کی ضرورت ہو۔مدعی کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ 8 مئی کو چیئرمین نیب نے ایک پریس ریلیز جاری کی تھی کہ نوازشریف نے 4.9 ارب ڈالر کی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت منتقل کی۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ نیب چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال غیر جانبدار رہ کر اپنے عہدے پر کام نہیں کرسکتے لہٰذا انہیں عہدے سے برطرف کیا جائے۔مدعی نے اپنی درخواست میں مطالبہ کیا کہ نیب چیئرمین اس معاملے پر غیر مشروط معافی مانگیںیا سپریم جوڈیشل کونسل کوئی ایسا فیصلہ کرے جو انصاف کے اصولوں پر پورا اترتا ہو۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ