حکومت کو محصولات کی مد میں 5 ارب روپے سے زائدکا نقصان

255
اسلام آباد: تحریک لبیک کے دھرنے کے پیش نظر ایک پیٹرول پمپ بند ہے
اسلام آباد: تحریک لبیک کے دھرنے کے پیش نظر ایک پیٹرول پمپ بند ہے

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد آپریشن کی ناکامی کے بعد ملک کے تمام بڑے شہروں میں تحریک لبیک کے کارکنوں کی طرف سے حکومت کے خلاف مظاہروں اور دھرنوں کی وجہ سے ملک کو اقتصادی طور پر بھاری نقصان ہو رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق حکومت کو محصولات اور ڈیوٹی کی مد میں5 ارب روپے سے زائد کا روزانہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور تجارتی نقصان اس کے علاوہ ہے‘ تجارتی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں ہیں‘ روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والوں کو سب سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے ‘ کاروبار بالکل ٹھپ ہو گیا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی احتجاج ہو رہا ہے اس لیے کراچی میں بھی کاروبار متاثر ہوا ہے اور کراچی کی بندگاہ سے ملک کے دوسرے شہروں کو مال کی فراہمی بھی متاثر ہو ئی ہے جس کی وجہ سے دیگر شہروں میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہوگئی ہے جس کے باعث ان اشیا کے نرخ بھی زیادہ ہو گئے ہیں اور حکومت کو بھی ٹیکسوں کی مد میں نقصان ہو رہا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے ایک اعلیٰ افسر نے موجودہ صورتِ حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک یا دو دن میں ان ہنگاموں پر قابو نہ پایا گیا توملک کی اقتصادی صورتِ حال مزید خراب ہو جائے گی اور پھر اس پر قابو پانا بھی مشکل ہو جائے گا‘ وزارتِ خزانہ کی ایک ٹیم اس وقت بیرونِ ملک گئی ہوئی ہے جو پاکستان کے لیے2 سے 3 ارب امریکی ڈالر کے قرضے بانڈ بیچنے کے لیے روڈ شو کر رہی ہے لیکن پاکستان کی موجودہ صورتِ حال میں ان کے لیے اپنے مقصد میں کامیابی مشکل ہو جائے گی اور اگر پاکستان کو اس وقت یہ قرضے نہ ملے تو پاکستان کے لیے مالی مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا اور موجودہ حکومت کے پاس ٹیکسوں کے ذریعے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں رہ جائے گا۔