نجی شعبہ سی پیک منصوبے میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائے ، ہارون شریف

58
بورڈ آف انوسٹمنٹ کے نامزد چیئرمین ہارون شریف کوصدراسلام آباد چیمبرشیخ عامر وحیدشیلڈ پیش کررہے ہیں
بورڈ آف انوسٹمنٹ کے نامزد چیئرمین ہارون شریف کوصدراسلام آباد چیمبرشیخ عامر وحیدشیلڈ پیش کررہے ہیں

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایمرجنگ پاکستان انڈر سی پیک پالیسی فریم ورک کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا ۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے نامزد چیئرمین ہارون شریف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ چینی سفارتخانے کے پولیٹکل کونسلر جینگ ہان، چیمبرکے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا اور فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک سمیت تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے نامزد چیئرمین ہارون شریف نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی عمدہ مثال ہے اور پاکستان کی معیشت کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے پاکستان میں کاروبار سرمایہ کاری کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ سی پیک منصوبے میں حکومت کا پارٹنر بنے اور اس منصوبے میں پائے جانے والے جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے گی اور کسی کے ساتھ امتیاز نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اسٹریکچرل چیلنجز کا سامنا ہے اور موجودہ حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انوسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح 15فیصد سے کم ہے جبکہ معیشت کی بہتر ترقی کے لیے اس شرح کو دگنا کرنا ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ آگے بڑھے اور معیشت کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرمایہ کاری بورڈ میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرائیں گے جس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں سہولت ہو گی۔انہوں نے چیمبر کی طرف سے سی پیک منصوبے پر سیمینار منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے سیمینار سے حکومت اور نجی شعبے کو ایک دوسرے کا نقطہ نظر جاننے اور مسائل کا متفقہ حل تلاش کرنے کا بہتر موقع ملتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ نجی شعبے کو سی پیک منصوبے سے کافی توقعات وابستہ ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت سی پیک منصوبے کے تحت بننے والے اسپیشل اکنامک زونز میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مساوی مواقع فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سی پیک منصوبے کے بارے میں نجی شعبے کو پوری طرح اعتماد میں لے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ