سراج تیلی کی آمریت کے خاتمے کیلیے کراچی چیمبر میں پیٹریاٹ گروپ کی حمایت کی ، ایس ایم منیر

87
سراج قاسم تیلی آٹوموبائل اسپیئر پارٹس امپورٹرز و ڈیلرزایسوسی ایشن کے استقبالیہ سے خطاب کررہے ہیں
سراج قاسم تیلی آٹوموبائل اسپیئر پارٹس امپورٹرز و ڈیلرزایسوسی ایشن کے استقبالیہ سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) طویل عرصہ سے ایک دوسرے کے مخالف رہنے والے تاجررہنما ایس ایم منیر،یحییٰ پولانی ،عقیل کریم ڈھیڈھی،رحیم جانو، خالد تواب، زبیر طفیل کراچی چیمبر آف کامرس میں بر سر اقتدار سراج قاسم تیلی کے بزنس مین گروپ کا اقتدار ختم کرنے کے لیے دوبارہ ایک ہوگئے جبکہ ان کے اس مشترکہ سفر میں سراج قاسم تیلی کے پرانے ساتھی اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی مقصود اسماعیل بھی شامل ہیں۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں مقصود اسماعیل، یحییٰ پولانی، محسن شیخانی،عارف جیوا،خالدتواب، زبیر طفیل، گلزار فیروز اور کراچی چیمبر الیکشن میں پیٹریاٹ گروپ کے امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چندروز قبل ہمارے گروپ کے عقیل کریم ڈھیڈی ،مقصود اسماعیل اوریحییٰ پولانی سے مذاکرات ہوئے اور اس میں ہم نے فیصلہ کیا کہ کراچی چیمبر کی درستگی کے لیے مل کر جدوجہد کرنے اور پیٹریاٹ گروپ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے،کراچی چیمبر میں ون مین شو ہے جبکہ ہم یونائٹیڈ بزنس گروپ میں مشترکہ فیصلے کیے جاتے ہیں،ہم فیڈریشن اور چیمبر کو مضبوط بنائیں گے اور پاکستان کے بہتر مفاد اور مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ ملکی اکنامی مضبوط ہو اور ہم حکومت کو مثبت تجاویز دیں،وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنے سے ہی مسائل حل ہوں گے۔اس موقع پر گلزار فیروز، بی جی کے اراکین خالدتواب ،زبیر طفیل اور پاکستان بزنس گروپ(پی بی جی) کے سرپرست اعلیٰ عقیل کریم ڈھیڈی کی قیادت میں احمدچنائے، مقصود اسماعیل اور یحییٰ پولانی نے بھی خطاب کیا۔اس ضمن میں ایس ایم منیر کا جسارت سے کہنا تھا کہ کراچی چیمبر کے حوالے سے تاجروں کے مسائل بڑھتے جارہے تھے جبکہ ہم بزنس کمیونٹی کو یکجا کرنے کی بھی کوششیں کررہے اور اب وقت آگیا ہے کہ کراچی چیمبر سے تیلی کی آمریت کاخاتمہ کیا جائے ،عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ پاکستان بزنس گروپ کے ساتھ کراچی چیمبر کے لیے کیا گیا معاہدہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کراچی چیمبر کے الیکشن میں پیٹریاٹ بزنس گروپ کی حمایت کرے گا اور ہمیں امید ہے کہ وہ اپنے منشور کے مطابق کراچی کے تاجروں اورصنعت کاروں کی بہتری کے لیے اوران کے مسائل حل کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر محسن شیخانی ،عارف جیوا ،گلزار فیروز ،اور دیگر تاجروں اور صنعتکا روں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ مقصود اسماعیل نے کہا کہ پیٹریاٹ گروپ کراچی چیمبر اور پاکستان کی بہتری کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ