بی ایم جی ، کراچی چیمبر کی عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر مبارکباد

137

امید ہے عمران خان کراچی کی تاجر و صنعتکار برادری  کےوعدوں کو پورا کریں گے، سراج تیلی

کراچی :بزنس مین گروپ کی قیادت اورکراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرPCO 25 07 18 (5)ی کے عہدیداروں نے عام انتخابات 2018 میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جماعت کی بھرپور کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی، وائس چیئرمین بی ایم جی و سابق صدور طاہر خالق، زبیر موتی والا، ہارون فاروقی اور انجم نثار، کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک، سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق اور نائب صدر ریحان حنیف نے اُمید ظاہر کی کہ ممکنہ طور پر حکومت سنبھالنے کے بعدعمران خان معاشی مسائل کو فوری حل کرنے کو ترجیح دینے کے ساتھ ساتھ عرصہ دراز سے کراچی کی تاجر وصنعتکار برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے پر بھی خاص توجہ دیں گے۔
چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی نے عمران خان کی جماعت کو قومی اسمبلی کے انتخابات میں اکثریت نشستیں جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی پوری تاجر برادری انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے حوالے سے کافی پر اُمید تھی جس کا اظہار کے سی سی آئی کی قیادت اور عہدیداروں نے الیکشن سے چند روز قبل ہی22جولائی کو مقامی ہوٹل میں عمران خان کے اعزاز میں کراچی چیمبر کی ایک تقریب میں کردیا تھا۔ انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کراچی چیمبر کی تاجربرادری سے کئے گئے تمام وعدوں کو نبھائیں گے بالخصوص کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اوراس شہر کی تاجر و صنعتکار برادری کو درپیش مسائل کے سلسلے میں کرائی گئی یقین دہانیوں اور وعدوں کو پورا کریں گے کیونکہ یہ وہ شہر ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود ملکی معیشت میں 65فیصد سے ذائد ریونیو جمع کرارہا ہے۔
سراج تیلی نے کہاکہ یہ ایک آسان کام نہیں ہوگا لہذا عمران خان کو بھرپور نیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے توجہ مرکوز رکھنا ہوگی اور کسی بھی قیمت پر اپنے تمام وعدوں کو پورا کرنا ہی ہوگا جس کے نتیجے میں کراچی کی پوری تاجر وصنعتکار برادری کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ اگر عمران خان واقعی ثابت کرتے ہوئے اور اس بات کا مظاہرہ کرتے ہیں کہ وہ قول کے پکے ہیں تو کراچی چیمبر اُن کے پورے دور میں بھرپور حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔
انھوں نے عمران خان سے کی گئی حالیہ گفت و شنید کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حکومت سنبھالنے کے بعد عمران خان کومعاشی ماہرین اور قابل اعتمادو ایماندار تاجر و صنعتکار برادری کے ممبران کو ترجیحی بنیادوں پر جمع کرنا ہوگا جو مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ ان تاجر وصنعتکار برادری کے نمائندوں کا انتخاب معیشت کے مختلف شعبوں بشمول ٹیکسٹائل، کنسٹرکشن و رئیل اسٹیٹ،مالیاتی اداروں، سروسز سیکٹر، زراعت، آٹوموبائل، ایف ایم سی جی وغیرہ سے کیا جا سکتا ہے۔ تاجر وصنعتکار برادری کے حقیقی نمائندوں پر مبنی مجوزہ ٹیم مختلف پالیسیاں جو تاجر و صنعتکار برادری پر بالواسطہ یا بلاواسطہ اثر انداز ہوتی ہیں انہیں مرتب کرنے میں حکومت کی بہتر طریقے سے رہنمائی کر سکے گی۔ اس اقدام سے ہر جانب جیت ہی جیت کی صورت حال پیدا ہوگی اور اسے پاکستان کی پوری تاجر وصنعتکار برادری سراہے گی جو ملک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔
وفاقی وصوبائی اسمبلیوں میں دیگر سیاسی جماعتوں کی فتح پر تبصرہ کرتے ہوئے سراج تیلی نے زور دیا کہ ان تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو ایک طرف ڈال کر مل کر کراچی والوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشیشیں کرنا ہوں گی اور کاروباری ماحول کو ٹھیک کرنے کے لئے اقدامات اُٹھانے ہوں گے جو پچھلے کئی سالوں سے بری طرح متاثر ہوا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ
mm
قاضی جاوید سینئر کامرس ریپورٹر اور کامرس تجزیہ، تفتیشی، اور تجارتی و صنعتی،معاشی تبصرہ نگار کی حیثیت سے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔جسارت کے علاوہ نوائے وقت میں ایوان وقت ،اور ایوان کامرس بھی کرتے رہے ہیں ۔ تکبیر،چینل5اور جرءات کراچی میں بھی کامرس رپورٹر اور ریڈیو پاکستان کراچی سے بھی تجارتی،صنعتی اور معاشی تجزیہ کر تے ہیں qazijavaid61@gmail.com