ناصر جنجوعہ سے یورپی یونین ملٹری کمیٹی کے چیئر مین وایرانی سفیر کی ملاقاتیں

29

اسلام آباد (اے پی پی) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصرخان جنجوعہ سے یورپی یونین ملٹری کمیٹی کے چیئر مین جنرل میخائل کستاراکوس اورایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی سمیت مشترکہ چیلنجوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتاہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔قومی سلامتی کے مشیر نے جمہوریت، گورننس،امن و امان اور علاقائی ممالک کی اقتصادی بہتری میں یورپی یونین کے کردار کو سراہا۔اس موقع پریورپی یونین ملٹری کمیٹی کے چیئر مین نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔علاوہ ازیں قومی سلامتی کے مشیر سے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے بھی ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے استحکام اور امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی تعمیری اور متوازن کردار ادا کرتا رہے گا۔اس موقع پرایران کے سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح پر تبادلوں پر اطمینان کااظہار کیا جو تعلقات میں بہتری کے لیے راہ ہموار کر رہے ہیں،سفیر نے کہا کہ باہمی تعاون خطے میں پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ