بحیثیت مسلمان اسلام ہماری شان اورپاکستان پہچان ہے‘ ریاض شاکر

210

صدر یوتھ فورم ملک ریاض شاکرنے مجلس پاکستان یوتھ اسپورٹس فیسٹیول کے اختتام پرتقریب تقسیم انعامات میں بطورمہمانِ خصوصی نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیثیت مسلمان اسلام ہماری شان اور پاکستان ہماری پہچان ہے۔ نوجوانوں نے جس محنت اور لگن سے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا، ایسے ہی زندگی کے ہر میدان میں محنت لگن سے کام کیا جائے تو امت مسلمہ اور پاکستان کا مستقبل روشن کیا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس فیسٹیول کا سلوگن بھی یہی رکھا گیا کہ ’’امید بنو تعمیر کرو سب مل کر پاکستان کی‘‘۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں انجنئیر نعمان صابر سرپرست اعلیٰ یوتھ فورم ، رانا عبدالرؤف صدر مجلس پاکستان، خالد راجا صدرانوسٹرز فورم الرياض شامل تھے۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد باد پیش کرتے ہوئے ونر اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی کے ساتھ کیش انعامات بھی تقسیم کیے۔ رانا عبدالرؤف نے ونر ٹیم کو 1500 ریال کا کیش انعام اورخالد راجہ نے رنرز اپ ٹیم کو 1000 ریال کیش انعام دیا۔ اس موقع پر ہرمیچ میں مین آف دی میچ، بیسٹ باؤلر، بیسٹ بیٹسمین کے علاوہ یوتھ فورم کی طرف سے فیسٹیول میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے کپتانوں کو اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کشمیر الیون اور دانی الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی سخت مقابلہ ہوا۔ بالآخرکشمیرالیون نے فائنل جیت کر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فیسٹیول کا آغاز 24 دسمبر کو ہوا تھا جس میں کرکٹ کی 16 ٹیموں کے علاوہ والی بال کی ٹیموں نے شرکت کی۔ والی بال کا فائنل میچ دیر والی بال کلب اور کبیر خان مرحوم کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ کبیروالی بال کلب نے زبردست مقابلے کے بعد فائنل جیت لیا۔ تقریب کے آخر میں مہمانان خصوصی نے فورم کے صدر ملک ریاض شاکر نے تمام مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں اور مہمانان گرامی کی طرف سے چیف آرگنائزر ملک ریاض شاکر کو کامیاب ایونٹ کرانے پر مبارکباد دی اور شیلڈ بھی پیش کی۔