صحافی، کالم نگار اور شاعر شہزاد اعظم انتقال کر گئے‘ احباب کا اظہار افسوس

208

سعودی عرب سے شائع ہونے والے پہلے اردو جریدے ’’اردو نیوز‘‘ سے وابستہ سینئر صحافی، کالم نگار، شاعر اور بہت مخلص انسان شہزاد اعظم، جنہیں پیار سے حکیم جی پکارا جا تھا، کراچی میں انتقال کر گئے۔ خبر ملتے ہی سعودی عرب کی علمی، ادبی اور صحافی برادری میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ شہزاد اعظم کی عمر 64 برس تھی اور وہ اردو نیوز جدہ کے ابتدائی ارکان میں سے تھے۔ 2 سال قبل پاکستان منتقل ہو گئے تھے۔ وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ اہل خانہ کے مطابق پیر کی صبح طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے ہی میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
شہزاد اعظم ابتدا میں تدریس سے وابستہ تھے، بعد ازاں جنگ سے منسلک ہوئے اور پھر ملازمت کے لیے سعودی عرب چلے آئے۔ انہوں نے اردونیوز جدہ میں 24 سال خدمات انجام دیں۔ اردونیوز کے سابق ایڈیٹر انچیف طارق مشخص، موجودہ ایڈیٹر انچیف راجہ ذوالفقار علی، عملے کے ارکان اور کمیونٹی کی شخصیات نے شہزاد اعظم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ علاوہ ازیں اسد اکرم، ڈاکٹر محمد سعید کریم بیبانی، سید شہاب الدین اور پاکستانی کمیونٹی سے وابستہ افراد، ادبی و صحافتی حلقوں نے شہزاد اعظم کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تعزیتی پیغامات جاری کیے ہیں۔